بھٹکل ، 7؍ مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کا سو سالہ قدیم قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح وتنظیم نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے عوام الناس کو اطلاع دی ہے کہ تنظیم کی موجودہ انتظامیہ کی میعادقریب الختم ہے۔ اس لئے جن لوگوں کو اس سال ہونے والے تنظیم کے انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنا ہے، ضروری ہے کہ وہ 18 مارچ سے پہلے پہلے اپنی ممبرشپ رینیو کرنے کی کاروائی مکمل کرے اسی طرح جن کو ممبرشپ حاصل کرنی ہے، تنظیم دفتر سے متعلقہ فارم حاصل کرکے 18 مارچ سے پہلے اسے پر کرکے تنظیم دفتر میں جمع کرائیں۔
پریس ریلیز میں دستور کی دفعہ نمبر 20 شق نمبر 1 کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ مجلس انتظامیہ کی میعادختم ہونے سے چھ ماہ قبل ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جا تا ہے۔ اور انشاءاللہ بتاریخ 20 مارچ 2022 ءمنعقد ہونے والے تنظیم کے انتظامیہ اجلاس میں اگلی تین سالہ میعاد کے لئے انتخابات کی تاریخ کے تعین کا ایجنڈا بھی شامل ہے۔ دستور کی دفعہ نمبر 20 شق نمبر 2 کے تحت انتخابات کے اعلان تک رکن بننے والوں کو انتخابات میں حق رائے دہندگی (Voting Right) حاصل رہے گا۔لہذا جو افراد دستور کی دفعہ نمبر 5 (الف) کی شقوں کے تحت تنظیم کے رکن (Member) بننا چاہتے ہوں ان سے گزارش کی گئی ہے کہ تنظیم آفس سے ممبر شپ فارم حاصل کر کے اسے پُر کر کے 18 ؍مارچ2022 ء تک تنظیم آفس میں پہنچادیں تا کہ ممبر ساز کمیٹی کی نشست میں ان کی جانچ پڑتال کے بعد 20 ؍مارچ کو ہونے والے انتظامیہ اجلاس میں منظوری کے لئے انہیں پیش کیا جاسکے۔ اس انتظامیہ اجلاس میں جن افراد کی رکنیت منظور ہوگی انہیں ہی اس سال ہونے والے تنظیم الیکشن میں اپنا ووٹ استعمال کر نے کا حق ہوگا۔ مذکورہ تاریخ کے بعد ممبر بننے والوں کویہ حق حاصل نہیں ہوگا۔
تنظیم نے پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ ممبرشپ کا سالانہ چندہ صرف پچاس روپے اور دوامی رکنیت( Life Membership) کے لئے دو ہزار پچاس روپے مقررہیں۔
تنظیم جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے عوام الناس سے اس طرف توجہ دینے کی پر خلوص گزارش کی ہے۔